بھارت کو ایک اور جھٹکا، چٹاگانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبہ منسوخ

image

بنگلادیش نے چٹاگانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا، اس کی جگہ ڈیفنس اکنامک زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بنگلا دیش اکنامک زونز اتھارٹی (BEZA) کے ایگزیکٹو چیئرمین چوہدری عاشق محمود بن ہارون نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چٹاگانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبے کو منسوخ کرکے اس کی جگہ ڈیفنس اکنامک زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چوہدری عاشق محمود کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بنگلادیش اکنامک زونز اتھارٹی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کا مقصد فوجی اور دفاعی صنعتوں میں ملکی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

چوہدری عاشق محمود کا کہنا تھا کہ فوجی صنعت میں ہتھیاروں اور دیگر ساز و سامان کی تیاری پر طویل عرصے سے بات چیت جاری تھی، ان مصنوعات کی عالمی سطح پر طلب موجود ہے اور بنگلا دیش کو بھی اپنی دفاعی ضروریات خود پورا کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں آرمڈ فورسز ڈویژن، وزارت دفاع اور چیف ایڈوائزر کے دفتر کے درمیان مشترکہ طور پر پہلے سے کام ہورہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تقریباً 850 ایکڑ خالی زمین کی نشاندہی کی ہے، گزشتہ سال جون تک یہ زمین بھارتی اقتصادی زون کے لیے مختص تھی جسے بعد میں منسوخ کردیا گیا، اب اس علاقے کو ماسٹر پلان میں دفاعی اقتصادی زون کے طور پر شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بنگلا دیش کے دوست ممالک کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، اس وقت یہ بتانا ممکن نہیں کہ کون سا فوجی ساز و سامان تیار کیا جائے گا کیونکہ اس کا فیصلہ طلب اور ضرورت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US