بھارت کی ریاست کرناٹک کے کماسندرا گاؤں میں ایک معمولی تنازع خون ریز واقعے میں بدل گیا جہاں سگریٹ لائٹر کے جھگڑے پر دوست نے اپنے ہی دوست کی جان لے لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کماسندرا میں کرکٹ میچ میں شرکت کرنے آئے دوست پرشانت اور روشن میچ کے بعد شراب نوشی کر رہے تھے جس دوران سگریٹ لائٹر کے معاملے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی۔ جھگڑا بڑھ کر بیئر کی بوتلوں سے حملے تک جا پہنچا جس میں روشن ہیگڈے شدید زخمی ہو گئے۔
بعد ازاں روشن فرار ہونے کے لیے اپنی کار میں بیٹھ گیا۔ پرشانت نے گاڑی کا دروازہ پکڑ کر اسے روکنے کی کوشش کی، لیکن روشن نے پرشانت کو کار کے ساتھ گھسیٹتے ہوئے ایک درخت سے ٹکرا دیا۔ پرشانت شدید زخمی ہو کر اسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ملزم روشن اس وقت پولیس کی تحویل میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔