بھارت میں نیپاہ وائرس پھیلنے پر پاکستان میں ہائی الرٹ، اسکریننگ کا حکم

image

بھارت میں نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پاکستان بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملک کے تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اسکریننگ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر آنے والے اور ٹرانزٹ مسافر کی 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دے دی گئی ہے جبکہ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی مکمل سفری ہسٹری کی تصدیق کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیپاہ وائرس سے متاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے والے مسافروں پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔ اس ضمن میں تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ ہر مسافر کے لیے لازمی ہوگا جبکہ تمام کلیئرنس مکمل ہونے تک کسی بھی فرد کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں نیپاہ وائرس کے کم از کم 5 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس کے باعث خطے میں احتیاطی تدابیر سخت کر دی گئی ہیں۔

نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ اور علامات پر محکمہ صحت سندھ کی ایڈوائزری جاری کر دی

بھارت میں نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے بعد محکمہ صحت سندھ نے عوام کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق یہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے تاہم پاکستان میں اب تک کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ نیپاہ وائرس کی ابتدائی علامات میں بخار، سر درد، کھانسی، جسم میں درد اور الٹی شامل ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ صورتحال پر کڑی نگرانی جاری ہے، تمام سرکاری اور نجی اسپتال الرٹ ہیں، اور وفاقی وزارت صحت کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US