فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے پاکستانی نژاد 74 سالہ علی اکبر کو فرانس کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک گرانڈ آرڈر آف میرٹ کا نائٹ بنایا۔
علی اکبر پچاس برس سے پیرس کے تاریخی لاطینی کوارٹر میں کیفے ٹیرسز پر اخبارات فروخت کر رہے ہیں اور مقامی لوگوں میں بے حد مقبول ہیں۔ اعزاز دینے کی تقریب فرانسیسی صدارتی محل میں منعقد ہوئی جہاں ان کی فرانس کے لیے طویل خدمات کو سراہا گیا۔ یہ اعزاز شہری یا فوجی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے علی اکبر 1973 میں پاکستان سے فرانس آئے اور انہوں نے اخبار فروشی کا پیشہ اختیار کیا۔ ابتدا میں انہوں نے سوربون یونیورسٹی اور اس کے اطراف کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو اخبارات فروخت کیے۔ گزشتہ نصف صدی میں انہوں نے پیرس میں اخبار فروشی کی روایت کو زندہ رکھا اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ بھی حاصل کی۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز نہ صرف فرانس بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر قرار پایا ہے۔