لاہور میں ماں اور بچی کے مین ہول میں گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ماں اور بچی کے مین ہول میں گرنے کے دلخراش واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ریسکیو آپریشن میں شامل تمام اداروں کے حکام کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔

وزیراعلیٰ نے پولیس، ریسکیو 1122، واسا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے والی غیر جانبدار فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غلط بیانی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے بھکر کے دورے کے دوران بھی واقعے کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ حاصل کی اور ریسکیو آپریشن سے متعلق متضاد اور غیر مستند معلومات فراہم کرنے والے افسران اور اداروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعلیٰ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ابتدائی طور پر بعض اداروں نے واقعے کو جھوٹ قرار دیا، جبکہ متاثرہ خاتون کے شوہر کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔ خاتون کی لاش ملنے کے بعد شوہر کو رہا کیا گیا، تاہم بچی کی لاش 17 گھنٹے بعد نالے سے برآمد ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ذمہ داروں کے تعین اور سخت قانونی کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور غفلت کے مرتکب افراد کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US