شادی کا فوٹو شوٹ کرتے ہوئے فوٹوگرافر سوئمنگ پول میں گر گیا، ویڈیو وائرل

image

بھارت میں شادی کی ایک تقریب کے دوران فوٹو شوٹ کرتے ہوئے فوٹوگرافر کے سوئمنگ پول میں گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس نے صارفین کو خوب محظوظ بھی کیا اور متاثر بھی۔

شادی کی تقریبات میں فوٹوگرافر کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے جو کوشش کرتا ہے کہ دولہا دلہن کے یادگار لمحات اس انداز میں محفوظ کرے کہ نہ صرف جوڑا بلکہ اہلِ خانہ بھی مطمئن ہوں۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوٹوگرافر نوبیاہتا جوڑے کے سنیما شاٹس لیتے ہوئے آہستہ آہستہ پیچھے کی جانب چل رہا ہوتا ہے اسی دوران وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اچانک سوئمنگ پول میں جا گرا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پانی میں گرنے کے باوجود فوٹوگرافر نے کیمرہ ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ جب تقریب میں موجود افراد اس کی مدد کے لیے آگے بڑھے تو اس نے ہاتھ کے اشارے سے انہیں روک دیا اور تصاویر بناتا رہا، جس پر وہاں موجود افراد حیران رہ گئے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جہاں صارفین نے فوٹوگرافر کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور جذبے کی خوب تعریف کی۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اس نے اپنی پرواہ کیے بغیر جوڑے کے قیمتی لمحات پوری لگن سے محفوظ کیے۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ جس انداز میں اس نے کہا تم لوگ آگے بڑھو وہ اس کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US