امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے خبردار کیا ہے کہ وہ پاسدارانِ انقلاب کے کسی بھی غیر محفوظ یا غیر پیشہ ورانہ اقدام کو برداشت نہیں کرے گی۔ سینٹکام کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز میں اتوار سے دو روزہ بحری مشقوں کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب سمندر میں کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کرے۔ سینٹکام کے مطابق آبنائے ہرمز سے روزانہ 100 سے زائد تجارتی جہاز گزرتے ہیں، اس لیے ایرانی بحری مشقیں محفوظ اور پیشہ ورانہ انداز میں ہونی چاہئیں اور بین الاقوامی بحری آمدورفت کے لیے خطرہ نہیں بننی چاہئیں۔
سینٹکام نے خبردار کیا کہ امریکی فورسز، علاقائی شراکت داروں اور کمرشل جہازوں کے قریب غیر محفوظ رویہ تصادم کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ امریکی فورسز اپنے اہلکاروں، جہازوں اور طیاروں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گی۔