بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکت کی۔
تقریب میں کور کمانڈر بلوچستان، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مستعدی اور کامیابی سے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو توڑ نہیں سکتیں بلکہ قوم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر ریاست کی طاقت اور عوام کے عزم کے سامنے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔