بلوچستان میں حملے حقوق کی جدوجہد نہیں، کھلی دہشتگردی ہے، وزیر دفاع

image

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے رابطے بھارت سے ملتے ہیں، بھارت اور کالعدم بی ایل اے ایک ہی ہیں، ہلاک دہشتگرد مسنگ پرسنز کی فہرستوں میں نکلتے ہیں، بہت سے مسنگ پرسنز بیرون ملک مقیم ہیں۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گرد شہری اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، یہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے انسانی حقوق کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، دہشت گردوں نے لاپتہ افراد کا بیانیہ بنا رکھا ہے، دہشت گرد خواتین اور بچوں کو بھی استعمال کرتے ہیں، پسنی میں ماری گئی خودکش بمبار نوجوان لڑکی تھی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچستان میں مزدوروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، بلوچستان میں تمام حملہ آوروں کو ٹھکانے لگادیا گیا، فورسز کے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، بلوچستان میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 100 سے زائد ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دہشتگرد کسی رعایت کی توقع نہ رکھیں، دہشتگردی کے خلاف قوم مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے، نوشکی، دالبندین میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، بلوچستان کے طول و عرض میں امن قائم ہوچکا ہے، سیکیورٹی فورسز کلیئرنس آپریشن میں مصروف ہیں، دہشتگردوں کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ملک کی حفاظت کیلئے جو کرنا پڑا، کریں گے، دہشتگردی کے معاملے پر سیاسی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایپسٹین فائلز میں مودی کا ایک اور چہرہ سامنے آگیا، مودی ملکوں سے تعلقات بنانے کیلئے مجرے کراتا ہے، مودی امریکا، اسرائیل کی خوشنودی کیلئے خود بھی ناچتا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قوم کے نام جاری پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی صورت حقوق کی جنگ نہیں بلکہ کھلی اور بے رحم دہشتگردی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دہشتگردوں کا اصل ہدف پاکستان اور بلوچستان کے عوام ہیں۔ یہ عناصر نہ ترقی برداشت کرتے ہیں اور نہ ہی امن، بلکہ پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کے لیے روزگار کے مواقع کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ دہشتگرد گروہ منشیات، بھتہ خوری اور اسمگلنگ جیسے جرائم سے مالی معاونت حاصل کرتے ہیں اور ملک میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہیں۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی ہینڈلرز کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا اور ریاست پاکستان دہشتگردی کے خلاف اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US