وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشتگرد حملوں میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے، جرات اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپ نے شیروں کی طرح دہشتگردوں کے حملوں کا مقابلہ کیا اور ان کی سازشوں کو ناکام بنایا۔ پوری قوم آپ کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ناکام بنانے پر آپ کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ ہمارے شیر ہیں اور قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔
زخمی پولیس اہلکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم صحتیاب ہو کر دوبارہ اس فتنے کے خلاف لڑیں گے، ہمارے حوصلے بلند اور عزم پختہ ہیں۔ ہم فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو نیست و نابود کریں گے، اس ناسور کے خاتمے کیلیے ہماری اور ہمارے بچوں کی جانیں بھی حاضر ہیں۔
حکومتی اور عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور امن دشمن عناصر کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔