دنیا بھر میں سم کارڈز عام طور پر موبائل فون کے استعمال کے لیے ہوتے ہیں تاہم چین کے ایک شخص نے سم کارڈز سے بھاری مقدار میں سونا حاصل کرنے کا دعویٰ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سم کارڈز اور دیگر برقی آلات سے سونا نکالنے والا شخص چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ سے تعلق رکھنے والا ایک معروف بلاگر ہے۔ بلاگر کا دعویٰ ہے کہ اس نے سم کارڈ کی چپس اور دیگر الیکٹرانک آلات سے مجموعی طور پر 191.73 گرام (16.43 تولہ) سونا حاصل کیا ہے۔
بلاگر کے مطابق اس نے یہ سونا حاصل کرنے کے لیے اسٹرانگ ایسڈ ڈسولوشن اور الیکٹرولائٹک ریڈکشن جیسے پیچیدہ کیمیائی طریقوں کا استعمال کیا۔ اس کا کہنا ہے کہ حاصل کیے گئے سونے کی مالیت پاکستانی کرنسی میں 84 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
بلاگر نے واضح کیا کہ اس نے صرف سم کارڈز ہی نہیں بلکہ مختلف مواصلاتی برقی آلات میں استعمال ہونے والی سونا چڑھی چپس بھی استعمال کیں۔ اس حوالے سے اس نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں سونا نکالنے کا پورا عمل دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے دیکھ کر کئی افراد حیران ہیں جبکہ بعض صارفین طنزیہ اور مزاحیہ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سے قبل کبھی سم کارڈز سے سونا نکالنے کے بارے میں نہیں سنا تھا۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک سم کارڈ میں اوسطاً صرف 0.47 ملی گرام سونا استعمال کیا جاتا ہے، جس کے باعث بڑی مقدار میں سونا حاصل کرنے کے دعوؤں پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔