پولینڈ میں جما دینے والی ٹھنڈ، سردی سے 38 افراد کی اموات ریکارڈ

image

پولینڈ میں موسم سرما کے آغاز سے اب تک شدید سردی سے 38 اموات ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔

پولش ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے نائب وزیر داخلہ و انتظامیہ ویزلاف شچپانسکی نے پیر کو صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ ملک میں شدید سردی کی لہر عروج پر ہے جس کے دوران اب تک 38 اموات اور ہائپوتھرمیا کے درجنوں کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متروک عمارتوں میں مقیم افراد کو شدید سردی کی لہر سے زیادہ خطرہ ہے، اس لیے ایسے افراد فوری طور پر زیادہ گرم مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والی رات پولینڈ میں موسم سرما کی سرد ترین رات ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت منفی 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔

پولینڈ میں شدید سردی کی لہر کے باعث تین صوبوں میں اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دارالحکومت وارسا اور راڈوم شہر میں پنا گاہیں اور ریلوے اسٹیشن ساری رات کھلے رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شدید سردی میں لوگ وہاں پناہ لے سکیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں موسم سرما کے دوران اب تک کوئلے سے کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج کے باعث دم گھٹنے سے مزید 54 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔

حکومت نے بوسیدہ عمارتوں میں مقیم افراد کو تلاش کرکے ان کی مدد کرنے کے لیے 8 ہزار 6 سو پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US