معصوم عمر، بڑی ذمہ داری: 7 سالہ بچی نے تنہا باپ کی تیمارداری کر کے دل جیت لیے

image

شمال مغربی چین سے تعلق رکھنے والی 7 سالہ بچی نے اپنی معصوم مگر غیر معمولی ذمہ داری کا ثبوت دے کر دنیا بھر کے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔ صوبہ ہیلونگ جیانگ کے ایک اسپتال میں سان مینگرو نامی بچی اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جب اس کی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننھی سان مینگرو تنِ تنہا اسپتال میں اپنے والد کی دیکھ بھال کر رہی ہے جو امراضِ قلب کے باعث زیرِ علاج تھے۔ 18 جنوری کو ایک شخص پائی نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس کے بعد یہ تیزی سے وائرل ہو گئی۔

ویڈیو شیئر کرنے والے شخص کے مطابق بچی نے بتایا کہ اس کے والدین میں طلاق ہو چکی ہے اس کے والد کی عمر 40 سال سے زائد ہے جبکہ دادی کی عمر 70 سال سے زیادہ ہونے کے باعث وہ روزانہ اسپتال آنے سے قاصر ہیں۔ بچی کے دیگر رشتے دار بھی دیگر شہروں میں مقیم ہیں۔

عینی شاہد کے مطابق ضرورت پڑنے پر یہ بچی خود ڈاکٹروں اور نرسوں کو تلاش کرتی، والد کے ٹیسٹوں کے نتائج لاتی اور کھانا بھی خرید کر لاتی رہی۔ ویڈیو شیئر کرنے والے شخص نے کہا میں نے خود اس ننھی بچی کو یہ سب کرتے دیکھا اور دل بہت اداس ہو گیا۔

جب اس شخص کے والد کو ایک بڑے اسپتال منتقل کیا گیا تو اس نے روانگی سے قبل ایک سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے بچی کو کچھ رقم بھجوائی جبکہ پھل اور دودھ کے ڈبے بھی دیے۔

ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین ننھی بچی کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس کے لیے عطیات بھی دے رہے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے بھی ہمدردی کے تحت بچی کے والد کے علاج کے بل میں کمی کر دی تاکہ مالی بوجھ کم ہو سکے۔

چند دن بعد بچی کے والد کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ اپنا خیال خود رکھ سکتے ہیں، مگر بعض اوقات کسی سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سردیوں کی چھٹیوں کے باعث وہ اپنی بیٹی کو اسپتال ساتھ لے آتے ہیں کیونکہ گھر میں اس کا خیال رکھنے والا کوئی نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US