قومی اسمبلی نے بلوچستان کی صورتحال پر متفقہ قرارداد منظور کرلی

image

قومی اسمبلی نے بلوچستان میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد میں ایوان نے بلوچستان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق ایوان نے دہشت گردوں کی جانب سے خواتین کے استحصال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اسے ناقابلِ برداشت قرار دیا۔ ایوان نے واضح کیا کہ خواتین، بچوں اور معصوم شہریوں کے خلاف جرائم ناقابلِ تلافی اور انسانیت سوز ہیں۔

قومی اسمبلی نے سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کیے گئے مؤثر اقدامات کو سراہا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قرارداد میں بلوچستان میں دہشت گردی کے پسِ پردہ بیرونی مداخلت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے میں ہندوستان کے کردار کے حوالے سے سنجیدہ خطرات موجود ہیں۔ ایوان نے مطالبہ کیا کہ بیرونی اسپانسرز اور اندرونی سہولت کاروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔

قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے، اور ریاست اپنے عوام کے تحفظ، امن و امان اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US