پیرو میں سیاحتی طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

image

جنوبی امریکی ملک پیرو میں نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے جانے والا ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ ہفتے کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق تقریباً ایک بجے اس وقت پیش آیا جب طیارہ دارالحکومت لیما سے تقریباً 240 کلومیٹر جنوب میں واقع پسکو ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے چند ہی لمحوں بعد گر کر تباہ ہو گیا۔

پولیس میجر جارج اینڈریڈ نے بتایا کہ حادثے میں 11 مسافر اور عملے کے 2 ارکان ہلاک ہوئے، جبکہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔ امدادی ٹیموں نے ابتدائی طور پر ملبے سے چار لاشیں نکال لی ہیں، جبکہ دیگر متاثرین کی لاشیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔

حکام نے تاحال حادثے کی وجہ نہیں بتائی، تاہم پیرو کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں جائے حادثہ پر طیارے کا ملبہ شعلوں کی لپیٹ میں دکھائی دے رہا ہے، جہاں فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

پسکو ایئرپورٹ سے روزانہ درجنوں چھوٹے طیارے نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے پرواز کرتے ہیں۔ نازکا لائنز یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ایک تاریخی مقام ہے، جہاں 500 قبل مسیح سے 500 عیسوی کے درمیان صحرائی زمین پر بنائے گئے دیوقامت نقش و نگار دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

یہ نازکا لائنز کی سیاحتی پروازوں کے دوران پیش آنے والا پہلا حادثہ نہیں۔ اس سے قبل 2022 میں ایک طیارہ حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2010 میں پیش آنے والے ایک اور حادثے میں 4 برطانوی سیاحوں سمیت 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US