اسلام آباد میں سبزیوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ کے نرخوں میں نمایاں فرق دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں متعدد سبزیاں سرکاری ریٹ لسٹ سے زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ دکانداروں کی جانب سے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق آلو کی سرکاری قیمت 32 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ پیاز 120 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ پر دستیاب ہے۔
اسی طرح ٹماٹر کی سرکاری قیمت 255 روپے فی کلو ہونے کے باوجود بازار میں اس کی قیمت 400 روپے فی کلو تک وصول کی جا رہی ہے۔ کریلا 100 روپے کے بجائے 130 روپے، مٹر 300 روپے کے بجائے 330 روپے، سبز مرچ 110 روپے کے بجائے 130 روپے، بند گوبھی 70 روپے کے بجائے 80 روپے اور پھول گوبھی 120 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔