وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خودکش دھماکے کے بعد امام بارگاہ کا دورہ

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے دبئی سے واپسی کے بعد سیدھے اسلام آباد میں ترلائی امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ اور وزیر مملکت نے مغربین کی نماز امام بارگاہ میں ادا کی اور تقریباً ایک گھنٹے تک وہاں قیام کیا۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور ملک میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے نیک تمنائیں کیں۔

محسن نقوی اور طلال چوہدری نے خودکش دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کے دوران اس دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ معصوم نمازیوں اور مساجد پر حملے کرنے والے خارجی سفاک درندے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کا پاکستان میں امن، یکجہتی اور ترقی کو نقصان پہنچانے کا مقصد ہے۔ وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی اور زخمیوں کے لیے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گردوں کا پاک سرزمین سے خاتمہ کر کے دم لیں گے اور قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ وزیر داخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو امام بارگاہ کی جلد از جلد مکمل بحالی کی بھی ہدایت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US