اسلام آباد حملہ ناقابلِ معافی جرم ہے، دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، عطاء اللہ تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ انسانیت کے خلاف کھلا جرم ہے جس پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ان کا واحد مقصد خوف و ہراس پھیلانا اور ملک میں انتشار پیدا کرنا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اسلام آباد واقعے کی تحقیقات میں نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمازِ جمعہ کے دوران معصوم مسلمانوں کو نشانہ بنانے والوں کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا اور ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت پیغامِ امن کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں تمام مکاتبِ فکر کی نمائندگی موجود ہے تاکہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے اور انتہاپسند نظریات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک میں فرقہ واریت اور نفرت کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، جبکہ دہشت گرد چند کوڑیوں کی خاطر بے گناہ مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US