کراچی بندرگاہ پر مقامی طور پر تیار کردہ بحری کروز کا افتتاح، وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری کی شرکت

image

کراچی بندرگاہ پر مقامی طور پر تیار کردہ بحری کروز کی پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کروز کا باضابطہ افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے عزم ظاہر کیا کہ کراچی کی بندرگاہ کو خطے کی بڑی اور بہترین بندرگاہ بنایا جائے گا، کیونکہ یہ ٹرانس شپمنٹ کے بڑے سے بڑے جہازوں کو ہینڈل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ کے پی ٹی کا دورہ کرنے والے امریکی وفد کے دورے کا فالو اپ جاری ہے اور چیئرمین کے پی ٹی و ان کی ٹیم امریکی وفد کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو بحری سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مقامی و عالمی بحری سیاحت کے فروغ کے لیے کے پی ٹی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا جھنڈا کروز کے سفر کے ذریعے پوری دنیا تک پہنچنا چاہیے اور مقامی سرمایہ کاروں کو انٹرنیشنل کروز بھی چلانی چاہئیں۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جہاں دیگر کروز کو مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، وہیں پاکستانی کروز کو بھی درپیش ہوں گے۔

تجارت اور برآمدات سے متعلق بات کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ آم کی ایکسپورٹ کے لیے امریکی کمپنی سے مثبت بات چیت ہوئی ہے اور امریکی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے 56 کروڑ ڈالر کی مچھلی برآمد کی ہے اور جلد ہی اس کا نیا ہدف مقرر کیا جائے گا۔ اپنے دور سے پہلے کے امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا وہ اس کے ذمہ دار نہیں ہیں، تاہم اس کا ازالہ ضرور کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US