پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعاون میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے آئیڈیاز 2026 اسپیس لانچ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے ورلڈ ڈیفنس شو کے موقع پر کیا گیا۔
یہ عالمی دفاعی نمائش 8 سے 12 فروری تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر کے ممالک اپنی جدید عسکری ٹیکنالوجی، دفاعی مصنوعات اور صلاحیتوں کی نمائش کریں گے۔ آئیڈیاز 2026 کا یہ لانچ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مشترکہ دفاعی منصوبوں اور دفاعی صنعت میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاض میں ہونے والے اس اسپیس لانچ کے بعد آئیڈیاز 2026 کی مکمل اور جامع دفاعی نمائش نومبر میں پاکستان میں منعقد کی جائے گی، جس میں عالمی دفاعی صنعت کے نمایاں ادارے، سرمایہ کار اور ماہرین شرکت کریں گے۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) اس پورے عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جو پاکستان کے دفاعی شعبے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور بین الاقوامی دفاعی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔