بنگلا دیش میں عام انتخابات میں کامیابی کے بعد طارق رحمان نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب جاتیہ سنگساد بھابھن کے ساؤتھ پلازہ میں منعقد ہوئی جہاں صدر محمد شہاب الدین نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے مندوبین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ 12 فروری 2026 کو ہونے والے انتخابات میں بنگلا دیش نیشنالسٹ پارٹی (بی این پی) نے 209 نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت کے طور پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ جماعت اسلامی اور اس کے اتحادیوں کو 77 نشستیں ملی تھیں۔
اس سے قبل نومنتخب ارکان پارلیمنٹ سے چیف الیکشن کمشنر نے حلف لیا تھا۔واضح رہے کہ اگست 2024 میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ شدید عوامی احتجاج کے بعد مستعفی ہو گئی تھیں جس کے بعد عبوری طور پر نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معاشیات محمد یونس کو ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔