پاکستان اور بھارت سمیت 8 جنگیں رکوائی، ٹرمپ کا اسٹیٹ آف یونین سے خطاب

image

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دورِ صدارت کے پہلے اسٹیٹ آف یونین خطاب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ رکوانے کا ایک بار پھر کریڈٹ لے لیا۔

کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے امیگریشن، امریکی معیشت اور ڈرگ کارٹیلز کے خلاف اقدامات پر بات کی تاہم انہوں نے دنیا بھر میں جاری تنازعات ختم کرانے کا دعویٰ بھی دہرایا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجموعی طور پر 8 جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا جن میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان کشیدگی، اسرائیل اور ایران کے تنازع، کانگو اور روانڈا کے معاملات کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ چھڑ سکتی تھی تاہم ان کی مداخلت سے صورتحال قابو میں آئی۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم پاکستان نے ان سے کہا کہ ان کی کوششوں سے 35 ملین لوگوں کی جان بچی اور اگر مداخلت نہ ہوتی تو لاکھوں افراد ہلاک ہو سکتے تھے۔

صدر ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنگ بندی معاہدہ کرانے میں کردار ادا کیا، جس کے تحت غزہ سے زندہ یرغمالیوں کو واپس لایا گیا۔ ان کے مطابق 28 یرغمالیوں کی لاشیں بھی برآمد کی گئیں اور اس عمل میں حماس اور اسرائیل دونوں نے تعاون کیا۔

روسی یوکرینی جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکا دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایران کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے میزائل یورپی ممالک اور خطے میں موجود امریکی اڈوں کے لیے خطرہ ہیں، اور ایران ایسے میزائل تیار کر رہا ہے جو مستقبل میں امریکا تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کرنے کے بعد واضح پیغام دیا تھا کہ وہ دوبارہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہ کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US