امریکا میں تاریخی برفانی طوفان، لاکھوں افراد بجلی سے محروم

image

شمال مشرقی امریکا میں آنے والے طاقتور برفانی طوفان نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے شدید برفباری اور تیز ہواؤں کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں 3 فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی جس نے کئی دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ گھروں، سڑکوں اور گاڑیوں پر برف کی موٹی تہہ جم گئی جس سے نقل و حمل کا نظام شدید متاثر ہوا۔

اسی طرح نیویارک کے معروف مقام سینٹرل پارک میں تقریباً 20 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ شہر کی سڑکیں، پارکس اور رہائشی علاقے مکمل طور پر برف کی سفید چادر میں ڈھک گئے، جبکہ شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریاست میساچوسٹس میں شدید برفانی طوفان کے باعث ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ حکام نے غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک بھر میں 5600 سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہے۔ برفانی ہواؤں کے باعث رن ویز کی صفائی اور طیاروں کی روانگی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

شدید سردی اور تیز ہواؤں کے باعث لاکھوں صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں بجلی کی بحالی اور سڑکوں سے برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری اور شدید سردی کی لہر آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتی ہے، جس سے مزید سفری مشکلات اور نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US