ایران پر حملے کے آغاز کے ساتھ ہی اسرائیل نے اپنی فضائی حدود تمام ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں۔
اسرائیل ٹائمز کے مطابق اسرائیلی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام اگلے نوٹس تک ایئرپورٹس کا رخ نہ کریں۔ وزارت نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ جو بیرونِ ملک موجود ہیں، وہ میڈیا اور متعلقہ ایئر لائنز کے ذریعے پروازوں کے شیڈول اور فضائی حدود کے دوبارہ کھلنے کی معلومات سے باخبر رہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بیرونِ ملک مقیم اسرائیلی شہری قومی سلامتی کونسل کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ اسرائیلی حکام نے بتایا کہ جیسے ہی سیکیورٹی کی صورتحال اجازت دے گی، فضائی حدود دوبارہ کھول دی جائیں گی اور پروازوں کا سلسلہ بحال کر دیا جائے گا۔ پروازوں کی بحالی سے 24 گھنٹے قبل باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔