ایران نے اسرائیل پر امریکی حملوں کے بعد جواباً میزائل داغ دیے جس کے نتیجے میں شمالی اسرائیل میں دھماکے سنے گئے۔ ایران نے اس جوابی کارروائی کو ’فتح خیبر‘ کا نام دیا ہے۔
ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں میزائل اور ڈرونز سے اسرائیل پر حملہ کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا "اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف قابض اور مجرم دشمن کی جارحیت کے جواب میں پہلی لہر کا آغاز کیا گیا ہے۔"
اسرائیل میں ایرانی حملے کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے دفاعی نظام کو فعال کر دیا اور عوام سے ہدایت کی کہ وہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل شمالی اسرائیل کی طرف گئے جبکہ اسرائیل اور امریکا نے ہفتے کے روز ایران پر پیشگی حملہ کیا تھا۔ ایرانی دارالحکومت تہران، کرمانشاہ، لورستان، تبریز، اصفہان اور کرج میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔