امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملوں کے بعد، ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی جہاز رانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپ سے ایشیا کی جانب آنے والے جہازوں کو بحیرہ روم میں روک دیا گیا ہے جبکہ تجارتی بحری جہازوں کو نہرِ سوئز میں داخل نہ ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یونانی مرکز جہاز رانی کے مطابق خلیج فارس میں موجود جہاز اور ان کے عملے خطرے میں ہیں، اور متعدد جہازوں نے اپنی لوکیشن بند کر دی ہے تاکہ ممکنہ حملوں سے بچا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اس صورتحال کے باعث ایل پی جی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو موجودہ 540 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 750 ڈالر فی ٹن تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں رسد کی کمی کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔