ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں شہرِ قائد میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں اور متعدد مرکزی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والا پل بند کر دیا گیا ہے جبکہ سلطان آباد کے مقام پر بھی ایم ٹی خان روڈ کو رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح بوٹ بیسن سے مائی کلاچی تک جانے والا راستہ بھی بند ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی روڈ اور مائی کولاچی روڈ ریلوے پھاٹک تک آمدورفت معطل ہے۔ مزید برآں شارع فیصل پر ایف ٹی سی بلڈنگ سے جناح میڈیکل سینٹر کی جانب جانے والا ٹریک بھی بند کر دیا گیا ہے جبکہ ایف ٹی سی سے میٹروپول ہوٹل کی سمت جانے والی سڑک پر بھی رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ایف ٹی سی آنے والی ٹریفک کو گورا قبرستان سے یوٹرن لے کر صدر کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ سڑکوں کی بندش کے باعث صبح کے اوقات میں دفاتر اور تعلیمی اداروں جانے والے شہری شدید پریشانی کا شکار رہے اور مختلف مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔