ایران کے اسرائیل پر تازہ میزائل حملے، یروشلم اور تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا

image

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے جہاں ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق مغربی یروشلم پر ہونے والے حملے میں کم از کم 7 اسرائیلی شہری زخمی ہوئے جبکہ متعدد گاڑیاں تباہ اور املاک کو شدید نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق یروشلم میں میزائل گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس کے علاوہ تل ابیب، یروشلم اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حملوں کے بعد سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو فوری طور پر بنکروں میں منتقل کیا گیا۔

ادھر اردن نے حالیہ میزائل حملوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کر لیا ہے اور علاقائی کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ایرانی فوج نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کو چار میزائلوں سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق تین امریکی اور برطانوی آئل ٹینکروں کو بھی میزائلوں سے ہدف بنایا گیا جو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

خبر ایجنسیوں کے مطابق بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر بھی حملوں کی اطلاعات ہیں لیکن اس حوالے سے باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب اسرائیل نے بھی ایران پر حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔ تہران میں شدید بمباری کی اطلاعات ہیں جہاں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور فضا دھوئیں سے بھر گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق اینٹی ایئرکرافٹ گنز کی فائرنگ سے آسمان روشن ہو گیا۔

اسرائیلی حکومت نے ملک بھر میں نافذ ایمرجنسی کی مدت میں 12 مارچ تک توسیع کر دی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US