وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور خطے میں جنگی صورتحال کے ممکنہ معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے 18 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی میں وزیر پیٹرولیم، وزیر توانائی، وزیر مملکت خزانہ، مختلف وزارتوں کے سیکرٹریز، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ، چیئرمین آئل اینڈ گیس اتھارٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی جنگی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا تفصیلی جائزہ لے گی اور تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے گی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
مزید برآں طویل جنگ کی صورت میں ممکنہ معاشی دباؤ، درآمدی بل میں اضافے اور زرمبادلہ کے ذخائر پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ بروقت پالیسی فیصلے کیے جا سکیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کمیٹی جلد اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی تاکہ عوام اور معیشت کو ممکنہ بحران سے محفوظ رکھا جا سکے۔