صدر زرداری کی ہندو برادری سے ہولی سادگی سے منانےکی اپیل

image

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارک باد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ ہولی کا تہوار سادگی اور اعتدال کے ساتھ منائیں۔ صدر نے مغربی سرحدی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ تقریبات محدود رکھی جائیں تاکہ قومی یکجہتی اور سیکیورٹی کے حالات پر اثر نہ پڑے۔

صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اپنی مذہبی اور ثقافتی تنوع پر فخر کرتا ہے اور عوامی اجتماعات اور بڑی تقریبات میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں اعتدال اور بردباری کو اولین ترجیح دی جائے۔

اس اپیل کے بعد پاکستان ہندو کونسل نے اعلان کیا کہ ہولی سادگی سے منائی جائے گی۔ سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ ملک بھر میں ہندو برادری دو اور تین مارچ کو ہولی عقیدت و احترام کے ساتھ، بغیر کسی بڑی تقریبات کے منائے گی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صدر کی ہولی سے متعلق اپیل کی حمایت کرنے پر ہندو برادری کا شکریہ ادا کیا۔ بلاول نے کہا کہ ہندو برادری نے صدر کی اپیل کی حمایت کرکے وطن سے محبت کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری خوشیاں اور غم مشترک ہیں اور تہوار ایک ساتھ منانا ہماری قومی ہم آہنگی کی علامت ہے۔

صدر زرداری اور بلاول بھٹو نے پاکستان بھر کی ہندو برادری کو ہولی کی مبارک باد بھی دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US