مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر، ایران کے جوابی حملے، 160 امریکی ہلاکتوں کا دعویٰ

image

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں جنگی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ ایران کی جانب سے کیے گئے جوابی حملوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے ہیڈکوارٹر اور دیگر فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 160 امریکی اہلکار ہلاک ہوئے۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق چار روز سے جاری امریکی و اسرائیلی حملوں میں ایران میں جاں بحق افراد کی تعداد 787 تک پہنچ چکی ہے جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔ یہ اعداد و شمار ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے جاری کیے ہیں۔ دوسری جانب انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک امریکی تنظیم کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں میں ایران میں 742 شہری ہلاک ہوئے جن میں 176 بچے شامل ہیں۔

ادھر ایران نے اسرائیل کے خلاف میزائلوں اور ڈرونز سے تازہ حملے شروع کر دیے ہیں۔ پاسداران انقلاب اسلامی نے ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ کی 16ویں لہر شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغے گئے جن کا ہدف مخصوص عسکری اور اسٹریٹیجک مقامات تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ میزائل حملوں کے ساتھ بڑی تعداد میں ڈرونز بھی اسرائیل کی سمت روانہ کیے گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US