سعودیہ کی پاکستان کو یانبو بندرگاہ سے تیل سپلائی کے لیے سیکیورٹی کی یقین دہانی

image

پاکستان نے خام تیل کی سپلائی کے متبادل راستے کے طور پر بندرگاہ یانبو کے استعمال کی درخواست کردی، جس پر سعودی عرب نے مکمل حمایت اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے تیل کی سپلائی کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خام تیل اٹھانے کی غرض سے ایک جہاز کو جلد پاکستان سے یانبو روانہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سعودی عرب کی حمایت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ پاکستان کی زیادہ تر پیٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یانبو کے ذریعے تیل کی فراہمی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کے لیے توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US