وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عالمی اور ملکی حالات کے پیش نظر ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے، جسے ہر صورت نبھایا جائے گا۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات افسوسناک ہیں۔ موجودہ حالات میں قومی سلامتی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کسی بھی طاقت سے نمٹنے کیلیے ہر وقت تیار ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی نمائندوں کو پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا کہ اگر مفادات تبدیل نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے جرگہ بنانے کی تجویز بھی دی تھی، تاہم اس سے قبل ہی کارروائی کا آغاز ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور بورڈ آف پیس سے متعلق معاملات پر عوام اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے تاکہ قومی سطح پر یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔