سری لنکا کے نزدیک ایرانی جنگی جہاز پر امریکی آبدوز نے حملہ کرکے ہحر ہند میں غرق کردیا۔ حملے میں 80 ایرانی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 30 سے زائد اہلکاروں کو سری لنکن بحریہ نے بچا لیا۔
امریکی آبدوز کی جانب سے کیے گئے حملے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔ امریکا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایرانی جہاز پر ٹارپیڈو ٹکرانے کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔
امریکی وزیر پیٹ ہیگستھ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی افواج نے ایرانی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی جہاز سمجھ رہا تھا کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں محفوظ رہے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی جنگی جہاز بھارت میں مشقیں مکمل کرنے کے بعد ایران واپس لوٹ رہا تھا جب سری لنکا کے قریب اسے نشانہ بنایا گیا۔
سری لنکن وزیر خارجہ نے بتایا کہ جہاز کے عملے کو ریسکیو کرنے کے لیے سری لنکن بحریہ کو روانہ کیا گیا، لیکن امدادی ٹیم کے پہنچنے تک جہاز ڈوب چکا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز سے 30 زخمی سیلرز کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ سری لنکا کے نائب وزیر خارجہ کے مطابق امریکی حملے میں تقریباً 80 افراد ہلاک ہوئے۔