سینیٹ سیکریٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت سینیٹر سید مسرور احسن نے کی۔
اجلاس میں سینیٹر راحت جمالی، سینیٹر سردار الحاج محمد عمر گورگیج اور سینیٹر دانش کمار نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے پی ایس ڈی پی 2026-27 کے تحت شامل 15 ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، جن کی مجموعی لاگت 20 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ اولیو ویلیو چین پراجیکٹ کا فیز ٹو جون 2026 تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد فیز تھری شروع کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں 40 ہزار ایکڑ پر کلسٹر بنیادوں پر کمرشل زیتون کے باغات قائم کیے جائیں گے اور 3 لاکھ جنگلی زیتون کے درختوں کی پیوند کاری کی جائے گی، جبکہ کسانوں کو جدید تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں این اے آر سی میں ڈیجیٹل اور پریسژن ایگریکلچر میکانائزیشن فیسلٹی کے قیام پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد پرانے دستی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنا ہے۔
لائیو اسٹاک اور باغبانی کے شعبوں سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا، جن میں مقامی نسلوں کی بہتری، بیماریوں پر قابو پانے کے اقدامات اور 8 ارب روپے کی لاگت سے اونٹ کے دودھ کا پاؤڈر تیار کرنے اور برآمد کرنے کا منصوبہ شامل ہے، جو بلوچستان اور تھر میں قائم کیا جائے گا۔
وزارت نے نیشنل ایگروفوڈ لیبارٹری نیٹ ورک کی مضبوطی (49 کروڑ روپے)، بلوچستان کے ممکنہ اضلاع میں کپاس کی کاشت میں توسیع (80 کروڑ 82 لاکھ 50 ہزار روپے)، ریفرنس جینومز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی فصلوں کی بہتری (78 کروڑ 68 لاکھ 16 ہزار روپے)، اور گلگت بلتستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کنٹرولڈ ایٹماسفیئر اسٹوریج سہولت کے قیام سے متعلق منصوبوں پر بھی آگاہ کیا۔
مزید برآں نیشنل بائیو فرٹیلائزر اینڈ کمپوسٹنگ پروگرام، چراگاہوں کی بحالی کے ذریعے پائیدار لائیو اسٹاک ترقی، سیڈ آلو پیداوار و فراہمی مرکز کے قیام (درآمدی بیج پر انحصار میں 80 فیصد تک کمی کا ہدف)، اور خوردنی تیل کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے نیشنل کراپ ڈائیورسفکیشن و امپورٹ سبسٹی ٹیوشن پروگرام (آئل سیڈز) پر بھی بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی کو گلگت بلتستان میں یاک سے ویلیو ایڈڈ لائیو اسٹاک مصنوعات، خیرپور میں کھجور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی اپ گریڈیشن، اور اسلام آباد کے سیکٹر آئی-11/4 میں جدید سلاٹر ہاؤس اور ہول سیل میٹ مارکیٹ کے قیام سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے لیے اراضی مختص کر دی گئی ہے۔
کمیٹی نے سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج کی جانب سے بلوچستان کے لیے پی ایس ڈی پی 2026-27 میں پیش کی گئی بجٹ تجاویز سے متعلق رپورٹ کو منظور کرلیا۔
چیئرمین کمیٹی نے نیشنل ایگرو ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (NAFSA) کے ڈائریکٹر جنرل کی عدم حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاس میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی۔