پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ کے وفد نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان توانائی اور کاروباری شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار کے لیے سازگار ماحول اور شفاف مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان نے کہا کہ اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ پاکستان میں نیدرلینڈ کی شراکت داری کی نمایاں مثال ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بناتی ہے۔

ملاقات میں وفد نے ٹرمینل آپریشنز کو مزید بہتر بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم سپلائی چین کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US