ایران سے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے کیا اقدامات کیے، وزارت خارجہ نے بتا دیا

image

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان نے ایرانی سرزمین سے پاکستانی شہریوں کے انخلا اور خطے میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ (CMU) چوبیس گھنٹے صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایات پر بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جہاں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو ویزا سہولت، سفری انتظامات اور دیگر ضروری معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ سفارتخانوں کی جانب سے خصوصی ایپلی کیشنز، رجسٹریشن پورٹل اور ہیلپ لائنز بھی متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں سے بروقت رابطہ کیا جا سکے۔

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کے سفارتی مشنز میزبان ممالک کی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی کمیونٹی کو قونصلر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ فضائی رابطے کی جزوی بحالی کے بعد پھنسے ہوئے پاکستانی شہری کمرشل پروازوں کے ذریعے اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ اور ان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US