آئندہ ہفتے ملک میں موسم خشک اور درجہ حرارت میں اضافہ متوقع

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 6 سے 11 مارچ 2026 کے دوران ملک میں متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اگلے ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم 9 تا 11 مارچ کے دوران بعض علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں 9 سے 11 مارچ کے دوران ہلکی بارش اور جزوی ابر آلود موسم کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔ شمالی بلوچستان بشمول کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات میں 7 سے 9 مارچ کے دوران ہلکی بارش اور ابر آلود موسم متوقع ہے۔

6 سے 11 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا میں موسم خشک رہے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور گردونواح میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

سندھ بھر میں خشک موسم متوقع ہے اور دن کے درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 6 سے 11 مارچ کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔

استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ متوقع خشک موسم اور گرمی کی شدت میں اضافہ فصلوں کو متاثر کرسکتا ہے، لہٰذا کسان حضرات فصلوں میں مؤثر آبپاشی کا بندوبست یقینی بنائیں۔

این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہی فراہم کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US