سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 5 علیحدہ کارروائیاں کیں اور اس دوران فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائیوں کے دوران مزید 3 دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں ہونے والی دو الگ جھڑپوں میں بھی 5 خوارج ہلاک کیے گئے، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان سرحد پر درپیش چیلنجز کے باوجود انسداد دہشتگردی آپریشنز جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن ”عزمِ استحکام“ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔