خواتین کی شمولیت کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی، صدر، وزیراعظم

image

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن پر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

اس سال خواتین کا عالمی دن حقوق، انصاف اور عمل، تمام خواتین اور بچیوں کے لیے کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے، یہ عنوان حقوق نسواں کے تخفظ کے عزم کا اظہار ہے۔

خواتین کے عالمی دن پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائدِاعظم نے خواتین کی مساوی شرکت کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا تھا، شہید بے نظیر بھٹو کی قیادت پاکستانی خواتین کے عزم کی روشن مثال ہے، کاک پٹ سے پارلیمنٹ تک خواتین کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں، آئینی اقدامات سے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی گئی، امتیازی قوانین اور نقصان دہ سماجی رویوں کے خاتمے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مساوی حقوق سے خواتین کی تعلیم، روزگار اور تحفظ ممکن بنتا ہے، دیہی خواتین زراعت اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی معاہدوں کا پابند ہے

صدر آصف زرداری نے کہا کہ خواتین کو قرض، جائیداد اور روزگار تک برابر رسائی دینا ضروری ہے، ترقی کا اصل پیمانہ خواتین کی زندگی میں عملی بہتری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج خواتین کےعالمی دن پر پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور جذبہ خیر سگالی کا اظہار کرتا ہوں، بالخصوص پاکستان کی خواتین، ماؤں بہنوں، بیٹیوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی حفاظت ملکی پائیدار ترقی اور قومی خوشحالی کی ضمانت ہے، قوم کی مجموعی ترقی و خوشحالی کو خواتین کے لیٔے یکساں مواقع اور بامعنی شمولیت ہی یقینی بناتی ہے، خواتین کی محنت، عزم و ہمت اور زندگی کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات ہمارے لیے من الحیث قوم باعث فخر اور باعث تقویت ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خواتین نہ صرف خاندان بلکہ، معاشرہ اور قوم کی مثبت اقدار پر مبنی بنیاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، تعلیم سے لے کر کھیل تک، گھروں سے لےکر حکومت تک، پاکستانی خواتین کی استقامت اور کامیابیاں ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، سپیکر اسمبلی، وزارت اعلیٰ کے عہدوں سے لے کر عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، صحت، تعلیم، کاروبار اور مسلح افواج تک، خواتین نے آنے والی نسلوں کے لیے نئی راہیں ہموار کی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم پختہ ہے کہ ایسا ماحول یقینی بنایا جائے جہاں خواتین کسی بلا امتیاز و خوف اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے خواتین کے عالمی دن پر پیغام

وزارت خارجہ کے ترجمان نے بدھ کے روز خواتین کے عالمی دن پر کہا کہ پاکستان خواتین کی ہمت، عزم اور قیادت کا احترام کرتا ہے، جو معاشروں کو بدلنے، کمیونٹیز کو مضبوط کرنے اور آنے والی نسلوں کو متاثر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کی آوازیں، صلاحیتیں اور امنگیں شمولیتی ترقی، مؤثر حکمرانی اور پائیدار امن کے لیے لازمی ہیں۔ پاکستان خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور بااختیاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا آئین مساوات اور امتیاز سے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، اور پاکستان بطور ریاستی فریق کنونشن آن دی ایلیمینیشن آف آل فارمز آف ڈسکرمنیشن اگینسٹ وومن (CEDAW)، قانونی، پالیسی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے خواتین کی شمولیت اور قیادت کو مضبوط کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US