وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی کشیدہ صورتحال نے عالمی معیشت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث چند دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان پر پہنچ سکتی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ایسے عالمی بحران میں حکومت کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں محدود اضافہ کرنا بھی بہت مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، مضبوط روابط اور مؤثر انتظامات کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو آج پیٹرول کی قیمت 375 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی تھی۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ دعا کرنی چاہیے کہ اسرائیل کو اس کے جنگی جنون سے روکا جائے اور اللہ تعالیٰ دنیا کو اس خطرناک صورتحال سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ امتِ مسلمہ کو اتحاد نصیب کرے اور دوست و دشمن میں تمیز کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔