بنگلا دیش حکومت نے توانائی کی کھپت میں کمی کے لیے تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں عید الفطر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کی یونیورسٹیوں میں زیادہ بجلی کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ہنگامی اقدام اٹھایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعطیلات وقت سے پہلے شروع کرنے کا مقصد بجلی اور ایندھن کی بچت کرنا ہے۔
اس فیصلے کا اطلاق ملک کی تمام یونیورسٹیوں پر ہوگا جس سے نہ صرف بجلی کے استعمال میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک کے ہجوم میں کمی کے باعث ایندھن کے ضیاع کو بھی روکا جا سکے گا۔ یونیورسٹی کیمپسز، رہائشی ہالز، لیبارٹریز اور ایئر کنڈیشننگ کی وجہ سے بجلی کا ایک بڑا حصہ استعمال ہوتا ہے اور حکام کو امید ہے کہ بندش سے پاور سسٹم کو ریلیف ملے گا۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش میں سرکاری اور نجی اسکول پہلے ہی ماہ رمضان کے دوران بند ہیں اور یونیورسٹیوں کے بند ہونے کے بعد ملک کے تقریباً تمام بڑے تعلیمی ادارے تعطیلات پر ہوں گے۔ علاوہ ازیں حکومت نے بجلی کی بچت کے لیے غیر ملکی نصاب والے اسکولوں اور نجی کوچنگ سینٹرز کو بھی اپنی سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔