ملائیشین شہری کے منہ میں 42 دانت، مزید دو دانت اور نکلیں گے، ڈاکٹرز بھی حیران

image

ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے منہ میں غیر معمولی طور پر 42 دانت نکل آئے ہیں، جو ایک عام انسان کے دانتوں سے 10 زیادہ ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اس منفرد طبی صورتحال کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں مردوں میں سب سے زیادہ دانت رکھنے کا عالمی ریکارڈ قرار دیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ملائیشیا کے رہائشی 33 سالہ پرتھاب منیاندی کے منہ میں مجموعی طور پر 42 دانت موجود ہیں، جبکہ عام طور پر ایک بالغ انسان کے منہ میں اوسطاً 32 دانت ہوتے ہیں۔

پرتھاب منیاندی نے بتایا کہ انہیں پہلی بار 2021 میں ایک تقریب کے دوران احساس ہوا کہ ان کے دانت معمول سے زیادہ ہیں۔ بعد ازاں جب انہوں نے اپنے دانت گنے تو ان کی تعداد 38 نکلی۔ مزید معائنے اور ایکسرے کے بعد معلوم ہوا کہ ان کے منہ میں مزید چار دانت بھی نکلنے والے ہیں۔

ان کے مطابق 2023 تک ان کے منہ میں دانتوں کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے زیادہ تر اضافی دانت سیدھے نکلے اور انہیں کسی قسم کی طبی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

پرتھاب کا کہنا ہے کہ جب وہ لوگوں کو بتاتے ہیں کہ ان کے منہ میں 32 کے بجائے 42 دانت ہیں تو اکثر لوگ حیران رہ جاتے ہیں اور ابتدا میں یقین بھی نہیں کرتے۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے دوران انہیں یہ بھی بتایا کہ ان کے دو مزید دانت ابھی نکلنا باقی ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں باضابطہ طور پر ’’کسی مرد کے منہ میں سب سے زیادہ دانت‘‘ رکھنے کا عالمی اعزاز دیا ہے۔ خواتین میں یہ ریکارڈ بھارت کی کلپنا بالان کے پاس ہے، جن کے منہ میں 38 دانت ہیں۔

پرتھاب منیاندی کا کہنا ہے کہ یہ جان کر انہیں حیرت اور خوشی محسوس ہوتی ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ دانت رکھنے کا ریکارڈ ان کے نام ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US