جنگی صورتحال: کفایت شعاری اقدامات کی منظوری، وزیر اعظم کا قوم سے خطاب

image

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں موجود جنگی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری کے اضافی اقدامات کی منظوری دے دی۔

یہ اقدامات تمام وزارتوں، سرکاری محکموں اور خود مختار اداروں پر لاگو ہوں گے جبکہ دفاعی اداروں، عدلیہ اور پارلیمنٹ میں بھی انہیں یکساں طور پر نافذ کیا جائے گا۔

آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری گاڑیوں کو فراہم کیے جانے والے ایندھن میں 50 فیصد کمی کی جائے گی۔ تاہم سرکاری بسوں، ایمبولینسز، موٹر بائیکس اور دیگر آپریشنل گاڑیوں کو اس فیصلے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

ایندھن کی فراہمی میں کمی سے وفاقی سطح پر تقریباً ساڑھے چار ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی 60 فیصد سرکاری گاڑیاں دو ماہ کے لیے گراونڈ کی جائیں گی۔

وفاقی اور صوبائی کابینہ کے تمام وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی نے رضاکارانہ طور پر دو ماہ کی تنخواہیں اور الاؤنسز نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں بھی دو ماہ کے لیے 20 فیصد رضاکارانہ کٹوتی کی جائے گی، جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے وہ سرکاری افسران جن کی تنخواہ تین لاکھ روپے سے زائد ہے، ان کی دو دن کی تنخواہ بھی کاٹی جائے گی

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اچانک 100 ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حالات یونہی بگڑتے رہے تو تیل کی قیمتیں قابو سے باہر ہوں جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ روز مرہ زندگی کا زیادہ انحصار خلیج ممالک سے آنے والے تیل پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات آج ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر پیدا ہوچکے ہیں جس کے اثرات ہم پر مرتب ہو رہے ہیں۔

قبل ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت علاقائی صورتحال کے تناظر میں ملکی معیشت کے استحکام اور توانائی بچت کے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سمیت دیگر وفاقی وزرا شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان اور خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر مزمل اسلم سمیت اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ملک میں توانائی کی بچت کے حوالے سے جامع لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں معیشت کو مستحکم رکھنے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں کفایت شعاری، سادگی اور توانائی کے مؤثر استعمال سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ توانائی کی بچت اور معاشی استحکام کے لیے مختلف اہم فیصلے بھی کیے گئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US