یومِ شہادتِ حضرت علیؓ کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار

image

یومِ شہادتِ حضرت امام علیؓ کے موقع پر ملک بھر میں نکلنے والے جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے وفاقی حکومت نے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے اہلِ تشیع کے جید علمائے کرام نے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ 21 رمضان المبارک کو یومِ شہادت حضرت امام علیؓ کے سلسلے میں ملک بھر میں نکلنے والے تمام مرکزی جلوس نمازِ مغرب تک ختم کیے جائیں گے جبکہ دیگر جلوسوں کا دورانیہ بھی کم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عزاداروں کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت اس حوالے سے مکمل انتظامات کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج بھی ملک کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔

علمائے کرام نے حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دشمن کی سازشوں کو اتحاد کی قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے تعاون کی یقین دہانی پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US