وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس

image

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایف بی آر کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ٹیکس محصولات میں اضافے، ٹیکس چوری کے سدباب اور پیداوار کے شعبوں کی خودکار نگرانی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وزیراعظم آفس کی میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ پیداواری شعبوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے دائرہ کار میں لایا جائے اور ایف بی آر کی انفورسمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ٹیکس چوری کم ہو اور محصولات میں اضافہ ہو۔

وزیراعظم نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کی ایگزیکٹیو ٹیم میں میرٹ کی بنیاد پر ماہرین کی بھرتیوں کی منظوری دی اور پرال کو ایک فعال ادارہ بنانے پر معاشی ٹیم کی تجاویز کو سراہا۔ علاوہ ازیں، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت کی گئی کہ ملک میں تیار شدہ ادویات کی سیریئلائزیشن جلد از جلد مکمل کی جائے۔

اجلاس میں ٹیکس دہندگان کے لیے آٹو ٹیکس سسٹم، ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم، آئرس (IRIS) اور دیگر ایپلیکیشنز کو اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق، شوگر، سیمنٹ، سگریٹ اور کھاد کے تمام کارخانوں میں پیداوار کی نگرانی جاری ہے، جبکہ ٹیکسٹائل، چمڑے، کاغذ، آٹوموبائل اور مشروبات کے شعبوں میں اقدامات بھی نافذ العمل ہیں، جس سے اربوں روپے اضافی ٹیکس آمدنی متوقع ہے۔

شفافیت اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد کے لیے آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹیز کے قانون میں ترامیم کی گئی ہیں، اور توقع ہے کہ 30 جون 2026 تک ٹیکس کی مد میں 80 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔ جولائی 2025 تا جنوری 2026 ٹیکس مقدمات کے فیصلوں سے قومی خزانے کو 102.9 ارب روپے ٹیکس حاصل ہوا جبکہ زیر التواء مقدمات سے جون 2026 تک 369 ارب روپے وصول ہونے کی توقع ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ PRAL کا ڈیجیٹل انوائسنگ نظام مکمل طور پر فعال ہے، جنوری و فروری میں 800 ارب روپے کے ڈیجیٹل انوائسنگ ہو چکے جبکہ اپریل 2026 میں 3 کھرب روپے کے ڈیجیٹل انوائسنگ کا ہدف حاصل کیا جا سکے گا۔ نئے ڈیٹا سینٹر، ڈیجیٹل کارگو ٹریکنگ نظام اور پیٹرولیم مصنوعات کی جی پی ایس ٹریکنگ کے لیے مربوط نظام بھی فعال ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل آف پاکستان، چئیرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US