ترجمان وزارت خارجہ امور کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزارت خارجہ کے سینئر حکام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مالیاتی نظم و ضبط، سرکاری وسائل کے محتاط استعمال اور وزارت کے امور کو حکومتی معاشی ذمہ داری کے عزم سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامی امور کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اخراجات کو صرف ناگزیر معاملات تک محدود رکھا جائے۔
نائب وزیراعظم نے حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ ایسے شعبوں کی نشاندہی کی جائے جہاں اخراجات کم کیے جا سکتے ہوں، تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں اور قونصلر خدمات پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔
اجلاس میں حکومت کی کفایت شعاری مہم کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شفافیت، ذمہ دارانہ طرز حکمرانی اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ پاکستان کے خارجہ پالیسی مفادات کا بھرپور تحفظ بھی جاری رکھا جائے گا۔