پاکستان نے لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں شہری جاں بحق جبکہ تقریباً 5 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں لبنان میں امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ اسرائیلی کارروائیاں خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور انسانی بحران کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری، مکمل اور غیر مشروط طور پر لبنان سے اپنی افواج واپس بلائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس جارحیت کے مقابلے میں لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔