حضرت علی کے یومِ شہادت کے موقع پر ملک بھر میں آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس اور جلوسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوگی جس کے بعد جلوس برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی کے پیش نظر صدر کے علاقے میں مختلف سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ادھر راولپنڈی میں یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ اسی طرح پشاور میں بھی یومِ علیؓ کا جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر ختم ہوا جو کوچی بازار سے گزرتا ہوا واپس امام بارگاہ پہنچا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں یومِ علیؓ کے جلوس کے روٹ اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
حکام کے مطابق جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔