کراچی میں ہیوی گاڑیوں کے باعث پیش آنے والے جان لیوا ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
رپورٹس کے مطابق سال 2026 کے ابتدائی 70 روز کے دوران شہر میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 206 افراد جاں بحق جبکہ 2080 سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 147 مرد، 29 خواتین، 21 بچے اور 9 بچیاں شامل ہیں۔
فلاحی ادارے کے ترجمان چوہدری شاہد کے مطابق اسی عرصے میں ٹریفک حادثات میں 1633 مرد، 336 خواتین، 81 بچے اور 30 بچیاں زخمی ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہیوی گاڑیوں کے حادثات میں 67 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان حادثات میں سب سے زیادہ 35 افراد ٹرالر کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 14، مزدا سے 7، بس سے 7 جبکہ ڈمپر سے 4 افراد زندگی سے محروم ہوئے۔
ہیوی ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات پر شہریوں میں شدید تشویش اور اشتعال پایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز بھی ضلع وسطی کے علاقے عائشہ منزل فرنیچر مارکیٹ کے قریب ایک ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان بھائیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔
متوفی نوجوانوں کی شناخت عاطف اور تابش کے ناموں سے ہوئی ہے جو عید کی خریداری کے لیے گھر سے نکلے تھے تاہم حادثے نے ان کے خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔